پی سی بی کا احتجاج، اشتہار ہٹا لیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کے احتجاج کے بعد نیوزی لینڈ میں پاکستانی کرکٹرز پر قابل اعتراض تبصرے والے اشتہار کو ہٹا دیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ میں ایک بیئر کا اشتہار کرکٹر ڈیرل ٹفي پر فلمایا گیا ہے اور اس میں مبینہ طور پر پاکستانی کرکٹروں کے ’میچ فکسنگ‘ میں شامل ہونے کا حوالہ دیا گیا ہے۔اس متنازعہ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کا کھلاڑی میچ جیتتا ہے جبکہ پاکستانی کھلاڑی جیک جیتتا ہے یعنی پیسہ بناتا ہے۔اشتہار کے نشر ہونے کی اطلاعات ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔اس احتجاج کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو اطلاع دی کہ مذکورہ متنازعہ اشتہار کو نشر ہونے کے چوبیس گھنٹے بعد ہی ہٹا لیا گیا تھا۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اشتہاری کمپنی پاکستان اور پاکستان کے عوام کے تئیں حساس نہیں ہے اور یہ غیر اخلاقی عمل ہے‘۔خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ طویل عرصے سے میچ فکسنگ کے الزامات سے متاثر رہی ہے۔ گزشتہ برس بھی سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں تین پاکستانی کرکٹرز محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ قصوروار پائے گئے اور اب یہ تینوں آئی سی سی کی جانب سے لگائی گئی پابندی کا سامنا کر رہے ہیں۔
Comments
Post a Comment