انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان گال میں ہونےو الے ٹیسٹ میچ کی میزبان پِچ کو "خراب" قرار دیتے ہوئے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے جواب طلب کرلیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ ریفری کرس براڈ نے آئی سی سی کو بھجوائی گئی اپنی رپورٹ میں پچ کو 'خراب' قرار دیتے ہوئے اس پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔واضح رہے کہ 'گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم' میں 31 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جانے والا تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے 125 رنز سے جیت لیا تھا۔ چار روزہ میچ کے دوران کل 5ء289 اوورز کرائے گئے تھے جن کے دوران 40 وکٹوں کے نقصان پر کل 841 رنز اسکور ہوئے تھے۔گراؤنڈ کی پِچ انتہائی گرد آلود تھی جس کے باعث نہ صرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میچ کے دوران خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ کرکٹ حلقوں میں بھی پِچ کا انتظام موضوعِ بحث بنا رہا تھا۔فاتح ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا تھا کہ انہوں نے اس سے زیادہ سخت پِچ پر کبھی کرکٹ نہیں کھیلی جس پر کھیلتے ہوئے بقول ان کے "میچ کے پہلے دن ہی ایسا لگ رہا تھا کہ ہم گزشتہ پانچ روز سے مسلسل کھیل رہے ہیں"۔میزبان ٹیم کے کپتان تلکا رتنے دلشان نے بھی پِچ کی صورتِ حال پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میچ ریفری کی جانب سے پِچ کو خراب قرار دیے جانے کے بعد میزبان بورڈ 'سری لنکا کرکٹ' سے 14 روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔بیان کے مطابق مذکورہ معاملہ کی جانچ کے لیے آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ ڈیوڈ رچرڈسن اور آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگل کو مقرر کیا گیا ہے جو میچ کی ویڈیو فوٹیجز سمیت تمام دستیاب شواہد کے جائزے اور میزبان بورڈ کے جوابی بیان کی روشنی میں معاملہ کا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اگر آئی سی سی عہدیداران سری لنکن کرکٹ حکام کی وضاحت سے مطمئن نہ ہوئے تو میزبان بورڈ کو بھاری جرمانے اور ضابطے کی دیگر کاروائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اگر آئی سی سی عہدیداران سری لنکن کرکٹ حکام کی وضاحت سے مطمئن نہ ہوئے تو میزبان بورڈ کو بھاری جرمانے اور ضابطے کی دیگر کاروائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
Comments
Post a Comment