دبئی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کا اجلاس کل 12 ستمبر کو لندن میں ہو گا، اسے معمول کا اجلاس قرار دیا جا رہا ہے جس میں بین الاقوامی میدانوں کیلئے تصدیقی نظام پر غور کیا جائیگا، یہ اقدامات آئی سی سی کے سٹرٹیجک پلان 2011-15ء کے تحت اٹھائے جا رہے ہیں جن کی عالمی سطح پر ضرورت محسوس کی گئی ہے، یہ تجویز پیش کی جا رہی ہے کہ ان میدانوں کے بارے میں ہر پانچ سال بعد تصدیق ہونی چاہئے، اس کے علاوہ امپائروں کی کارکردگی مستقبل کے دوروں کے پروگرام ، میڈیکل کمیٹی کے منصوبوں، ڈومیسٹک اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی کرپشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ یہ چیف ایگزیکٹوز کمیٹی 10 مستقل رکن ممالک کے چیف ایگزیکٹوز اور 3 ایسوسی ایٹ ممبروں کے نمائندوں پر مشتمل ہے، اجلاس کی صدارت آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ کرینگے جبکہ شرکت کرنے والوں میں آئی سی سی کے صدر شردپوار، آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کلائیو لائیڈ، بنگلہ دیش کے منصور احمد، پاکستان کے سبحان احمد، زمبابوے کے اوزیاس بیوٹ، انگلینڈ کے ڈیوڈ کالیئر، ویسٹ انڈیز کے ڈاکٹر آرنسٹ ہلیر، جنوبی افریقہ کے گیراڈ مجولا، سری لنکا کے پرکاش شفیر، بھارت کے سندر رامن اور آسٹریلیا کے جیمز سندر لین، نیوزی لینڈ کے ڈاکٹر جسٹن وان اور ایسوسی ایٹ ارکان جان کربن، وارن ڈیوٹرم اور فرین کوئس ارسمس شامل ہیں۔
Comments
Post a Comment