نئی دہلی ۔ ٹینس سٹار اور کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ اپنے شوہر کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی پر بہت خوش ہیں، شعیب ملک کو اس بات کا پورا احساس ہے کہ کم بیک ٹور ان کیلئے کس قدر اہم ہیں وہ اچھی سپرٹ کے ساتھ زمبابوے گئے ہیں مجھے امید ہے کہ وہ بہترین کھیل پیش کر کے اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ ایک انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی ان کے کیریئر کا اہم سنگ میل ہے، ملک کیلئے کھیلنا بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے میری دعا ہے کہ وہ کرکٹ کے میدانوں میں بھی اپنی بائولنگ اور بیٹنگ کا جادو جگاتے رہیں ۔ واضح رہے کہ پی سی بی غیر ملکی بینکوں میں جمع شعیب ملک کے سرمائے پر شک کی بنیاد پر تحقیقات کر رہا تھا بورڈ کی اینگریٹی کمیٹی نے ایک طویل عرصے کی تحقیقات کے بعد انہیں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کیلئے کلیئر کیا۔ شعیب ملک اس دوران فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں قائد اعظم ٹرافی میں انہوں نے 73.57 کی اوسط سے 799 رنز بنائے جو اس ٹرافی کا دوسرا بڑا سکور تھا شعیب ملک کو گزشتہ سال پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے بعد قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا اب کلیئرنس کے بعد مینجمنٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شعیب ملک میں بہت سی کرکٹ باقی ہے اور یہ اچھا ہے کہ وہ ایک بار پھر ٹیم کو دستیاب ہیں ان کے تجربے سے ٹیم مضبوط ہو گی۔
Comments
Post a Comment