ڈربن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو دو سو آٹھ رنز سے شکست دے دی ہے۔
میچ میں فتح کے بعد تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔جمرات کو میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں چار سو پچاس رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو سو اکتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے اے بی ڈویلیرز نے دوسری اننگز میں انہتر جبکہ ہاشم آملہ نے اکاون رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے ہیرات نے پانچ اور فرنیڈو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جنوبی افریقہ کے بلے باز سری لنکا کے بالروں کی عمدہ بالنگ کے سامنا نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔اس سے قبل سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں دو سو اناسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔سری لنکن اننگز کی خاص بات کمار سنگا کارا کی شاندار سنچری تھی۔ وہ ایک سو آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ چندی مل نے چوّن رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی نصف سنچری بنائی تھی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ عمران طاہر اور مورکل نے دو، دو وکٹیں لیں۔جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو اڑسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے چون اور ڈیل سٹین نے انتیس رنز بنائے تھے۔اتوار کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں سماراویرا کی سنچری کی بدولت تین سو اڑتیس رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کے ہیرات کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments
Post a Comment