اس ٹیم کا حصہ بننے پر فخر ہے ، پاکستانی پلیئرز

اکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کے بعد پھولے نہیں سمارہی۔ تمام کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں فخر ہے کہ وہ اس ٹیم کا حصہ بنے جس نے تاریخ رقم کی۔ سیریز کے ہیرو سعید اجمل کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ہمارے لئے ورلڈ کپ کی فتح سے کم نہیں ہے۔ بلاشبہ یہ میرے کیریئر کی بہترین اور یادگار کارکردگی ہے۔ میں ہمیشہ خوش رہتا ہوں اور اپنی کرکٹ کو انجوائے کرتا ہوں ۔ اس کامیابی کا سوچا ضرور تھا لیکن اس طرح انگلش ٹیم کو زیر کریں گے اس کا تصور بھی نہیں کیا تھا۔ سابق کوچ اور ماضی کے فاسٹ بولر وقار یونس کہتے ہیں کہ انگلینڈ کو خوش فہمی مہنگی پڑی۔ ان کا خیال تھا کہ پاکستان کا عالمی درجہ بندی میں نمبر کم ہے اس لئے وہ انگلینڈ سے شکست کھا جائے گا ۔ سیریز میں کامیابی کاتمام ترکریڈٹ سعید اجمل اور عبدالرحمٰن کو جاتا ہے۔ حفیظ اور عمرگل نے بھی مہارت سے بولنگ کی البتہ جنید خان اور اعزاز چیمہ بڑی ٹیم کے خلاف دباؤ کا شکار رہے۔ پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد انگلش ٹیم سنبھل نہ سکی۔ میں دو سال اس ٹیم کا کوچ رہا۔ اس لئے اس کارکردگی پر فخر محسوس کررہا ہوں۔

Comments