Skip to main content
پاک بھارت انڈر 19 ویمن فٹ بال ٹیموں کو دورہ امریکہ کی دعوت
امریکی محکمہ خارجہ نے وفود کے تبادلے کے
منصوبے کے تحت پاکستان اور بھارت کی لڑکیوں کی فٹ بال ٹیموں کو امریکہ مدعو
کرنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ
کے تعلیمی اور ثقافتی امور کے دفتر کے زیرِ اہتمام چلنے والے 'اسپورٹس
وزیٹر پروگرام' کے تحت پاکستان اور بھارت کی 18 نوجوان کھلاڑی اور دو کوچز
11 سے 22 ستمبر تک امریکہ کا دورہ کریں گے۔
بیان کے مطابق امریکہ کا کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ وفود کے تبادلے کا یہ تیسرا اور بھارت کے ساتھ چوتھا مرحلہ ہے۔
دس روزہ دورہ امریکہ کے دوران میں دونوں ممالک کی فٹ بال کھلاڑی ایک
دوسرے کو اپنے تجربات سے آگاہ کرنے کے علاوہ کھیلوں کے نکتہ نظر سے امریکہ
میں رہنے کا تجربہ کریں گی جب کہ ان کی نوجوان امریکی کھلاڑیوں اور کھیلوں
کی مقامی تنظیموں کے عہدیداران سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
دورے کے دوران میں مہمان کھلاڑیوں کو فٹ بال سے متعلق امور پر کوچنگ کے
علاوہ کھیلوں کے میدان میں تنازعات سے نبٹنے اور مقابلوں کے دوران لگنے
والی چوٹوں کا سامنا کرنے کی تربیت بھی دی جائے گی۔
مہمان کھلاڑی امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی مقامی تنظیموں اور اداروں کی
جانب سے منعقد کردہ ایونٹ اور تقریبات میں بھی شریک ہوں گی جب کہ کھیلوں سے
متعلق نشریات سے آگہی کے لیے معروف ٹی وی چینل 'ای ایس پی این' کے
واشنگٹن دفتر کا دورہ بھی کریں گی۔
Comments
Post a Comment