فٹ بال فیڈریشن کے اگلے سال کے بجٹ میں 25 فیصد اضافہ

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس ہفتے کو پی ایف ایف سیکرٹریٹ لاہور میں فیصل صالح حیال کی صدارت میں ہوا جس میں کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور نبی کی شان میں امریکی گستاخانہ فلم کی بھرپور مذمت کی گئی اس موقع پر ناموس رسالت پر متفقہ قرار داد منظور کی گئی۔ اجلاس کے آغاز سے قبل پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کا خیرمقدم کیا۔ 2013 ء کے کلینڈر کی منظوری دی گئی اور 2011 کے فنانشیل آڈٹ اسٹیٹمنٹ آف اکاؤنٹ کو منظور کیا گیا۔ پچھلے سال کی بہ نسبت اگلے سال کے بجٹ میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا۔کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایکسپوژر دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ پی ایف ایف کی کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے متفقہ فیصلہ کیا کہ چونکہ پی ایس بی کے خلاف ہمارا کیس ہائی کورٹ میں ہے اس لئے فیصلہ کا انتظار کیا جائے گا اور ملک میں فٹ بال کی ترقی کیلئے فیفا کا ساتھ دیا جائے گا۔

Comments