ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں صرف سپنرز پر انحصار کرنا درست نہیں ہو گا،عامر سہیل


سابق کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز عامر سہیل نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں صرف سپنرز پر انحصار کرنا درست نہیں ہو گا، ٹائٹل جیتنے کیلئے متوازن بائولنگ اٹیک کے ساتھ ٹیم میدان میں اتارنی ہو گی۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم با صلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ہر میچ میں کامیابی کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست سے سبق سیکھنا چاہیے، بلے بازوں کو جلد بازی کرنے کی بجائے محتاط انداز اپنانا ہو گا کیونکہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک بڑی شراکت میچ جتوا سکتی ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں ناکامی قومی ٹیم کا بڑا مسئلہ ہے لیکن اگر بلے باز وکٹ پر ٹھہرنے کی عادت ڈالیں تو اس سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انٹرویو میں کمار سنگاکارا نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے وکٹیں تبدیل کی گئی ہیں جو کہ فاسٹ بائولرز اور میڈیم پیسرز کیلئے سازگار ثابت ہوں گی اسلئے مینجمنٹ کو چاہیے کہ وہ صرف سپنرز پر انحصار نہ کرے بلکہ متوازن بائولنگ اٹیک کے ساتھ ٹیم میدان میں اتارے ۔

Comments