آئی سی سی تقریب، سنگاکارا پر ایوارڈز کی بارش، پاکستان خالی ہاتھ رہ گیا


آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز میں پاکستان خالی ہاتھ رہ گیا، کوئی پاکستانی ایوارڈ نہ جیت سکا، سنگاکارا پر ایوارڈزکی بارش ہوتی رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا احتجاج بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو دفاع پر مجبور نہ کر سکا۔ سعید اجمل کو نظراندازکرنے کے بعد گزشتہ تین سال سے دنیا کے بہترین امپائرکا اعزاز حاصل کرنے والے علیم ڈار چوتھے سال یہ ایوارڈ نہ جیت سکے۔ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ محمد حفیظ کو نہ مل سکا۔ حیران کن طور پر سری لنکا کے سابق آف اسپنرکمار دھرما سینا کو سال کے بہترین امپائرکا ایوارڈ ملا۔ سری لنکا کے عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین کمار سنگاکارا نے تین ایوارڈز جیت کر میلہ لوٹ لیا۔ کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور پیپلز چوائس ایوارڈ کمار سنگاکارا کو ملے۔ بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر پیپلز چوائس ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہے۔ بھارت کے ویرات کوہلی کو ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ ملا۔ آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب ہفتے کی شب کولمبو میں ہوئی۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو کولمبو میں آئی سی سی ایوارڈز 2012 کی تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی سی سی کے عہدے داران، مختلف کرکٹ بورڈز کے نمائندوں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔آئی سی سی امپائر آف دی اےئر کا ایوارڈ پاکستانی امپائر علیم ڈار کو نہ مل سکا ، کمار دھرما سینا کو سال کا بہترین امپائر قرار دیا گیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے سری لنکن امپائر ہیں۔ سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا کو سال کے بہترین کرکٹر، بہترین ٹیسٹ کرکٹر اور پیپلز چوائس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے سنگاکارا کا مقابلہ ہاشم آملہ، ویرنن فلینڈر اور مائیکل کلارک سے تھا۔ آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک نے کرکٹر آف دی ایئرکے لیے سرگیری سوبرز ٹرافی سنگاکارا کو دی جبکہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کی ٹرافی برائن لارا نے پیش کی۔ بھارت کے ویرات کوہلی نے ون ڈے کے بہترین کرکٹرکا اعزاز حاصل کیا۔ اس ایوارڈ کے لیے بھی سنگاکارا نامزد تھے تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ کوہلی نے گزشتہ ایک سال کے دوران 31ون ڈے میچز میں 1733رنز بنائے جن میں 8سنچریاں اور6 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈین آف اسپنر سنیل نارائن نے ابھرتے ہوئے کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ آئرلینڈ کے جارج ڈوک ریل کو بہترین ایسوسی ایٹ کرکٹرکا ایوارڈ دیا گیا۔ تیز ترین سنچری اسکورکرنے پر ٹی 20 پرفارمنس آف دی اےئرکا ایوارڈ جنوبی افریقا کے رچرڈ لیوی کو ملا۔ نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری کو اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویسٹ انڈیزکی خاتون کرکٹر اسٹیفنی ٹیلر کو ون ڈے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ انگلینڈ کی سارہ ٹیلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر قرارپائیں۔

Comments