مائیکل موئرہیڈ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر

مائیکل موئرہیڈ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر ہو گئے ہیں، انہیں ارنسٹ ہیلیئر کی جگہ یہ ذمہ داریاں دی گئی ہیں جن کی مدت 30 ستمبر کو ختم ہو جائے گی۔ 55 سالہ موئرہیڈ 2004ء سے 2006ء تک جمیکا کی ٹورازم پراڈکٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ساتھ بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر خدمات انجام دیتے رہے اور اس کے بعد منیجمنٹ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے ملک میں کئی بڑے منصوبوں میں کام کیا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے صدر جولین ہنٹ نے کہا کہ مائیکل موئرہیڈ انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور اس عہدے کیلئے ان کے متبادل کوئی دوسرا شخص نہیں ہے۔ مائیکل موئرہیڈ نے اس موقع پر کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے اور وہ اپنے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی کرکٹ کی بہتری کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں چھوڑیں گے۔

Comments