فٹنس مسائل کے باعث ابھی ٹینس مستقبل کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔رافیل نڈال

ہسپانوی ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے کہا ہے کہ فٹنس مسائل کے باعث ابھی مستقبل کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔ نڈال ومبلڈن اوپن ٹینس کے بعد اب تک دوبارہ ایکشن میں نہیں دکھائی دیئے، ومبلڈن کے دوسرے رائونڈ میں انہیں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گھٹنے کی انجری کے باعث وہ لندن اولمپکس گیمز اور یو ایس اوپن سے بھی دستبردار ہو گئے تھے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ان کا کیریئر بری طرح متاثر ہوا ہے، پروفیشنل ٹینس کو جاری رکھنے کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹینس سے گہرا لگائو رکھتے ہیں اور اسے دوری ان کیلئے بہت تکلیف دہ ہے لیکن اس کے باوجود وہ مکمل فٹنس حاصل کرنے کے بعد ہی ٹینس کورٹ کا رخ کریں گے۔ رواں سال فرنچ اوپن فائنل میں ریکارڈ کامیابی کیریئر کی یادگار فتح ہے جسے وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ فٹنس برقرار رہے تو دنیا کا ہر مقابلہ جیتنے کی اہلیت رکھتا ہوں۔

Comments