پنجاب حکومت کی عدم دلچسپی اور سپورٹس پالیسی پر عملدرآمد پر ہونے والے اختلافات کے باعث پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ( پی او اے ) نے نیشنل گیمز 90 روز کے لئے ملتوی کردیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق قومی گیمز کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اہم اجلاس جمعرات کو لاہور میں طلب کیا تھا جس میں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ، پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت مختلف فیڈریشنز کے عہدیداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر شاہد علی نے سپورٹس پالیسی کے تحت اپنا استعفیٰ اجلاس میں پیش کیا تو اجلاس کے شرکاء حیران رہ گئے جس پر اجلاس کے شرکاء نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن سے بھی سپورٹس پالیسی کے تحت مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تاہم ہائوس نے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر شاہد علی شاہ کے استعفے کو نامنظور کرتے ہوئے انہیں صدر کے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی اجلاس میں پنجاب سپورٹس بورڈ اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان نیشنل گیمز کے انعقاد کے حوالے سے معاملات طے نہیں پاسکے اور پنجاب سپورٹس بورڈ نے موقف اختیار کیا کہ وہ قومی کھیل کا انعقاد خود کرائینگے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے گیمز کیلئے فنڈز جاری نہ کئے جانے کے باعث اجلاس میں گیمز تین ماہ کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ گیمز کی میزبانی لاہور کی بجائے کسی دوسری جگہ کئے جانے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا ۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے درمیان جاری جنگ کے باعث پنجاب حکومت کی جانب سے قومی گیمز کے انعقاد کیلئے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز جاری نہ کئے جاسکے جبکہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ساتھ ہونے والے رابطوں پر بھی کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوسکی ۔ واضح رہے کہ نیشنل گیمز کا انعقاد سولہ نومبر سے لاہور میں ہونا تھا تاہم سپورٹس بورڈ اور اولمپک ایسوسی ایشن میں اختلافات کے باعث گیمز ملتوی کردیئے گئے ۔
Comments
Post a Comment