سعید اجمل، آفریدی آئی سی سی ون ڈے ٹیم میں منتخب، مہندر دھونی کپتان مقرر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جمعے کو ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا۔ پاکستان کے جادوگرآف اسپنر کو عالمی تنظیم سالانہ ایوارڈزکی فہرست میں شامل نہ کرسکی البتہ ان کی شاندارکارکردگی اور پاکستان ٹیم کی کامیابیوں میں مستقل کردارکی بنا پر انہیں آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں منتخب کرنے پر مجبور ہوگئی۔ اس فہرست میں پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا نام بھی موجود ہے۔ تشکیل دیے گئے دستے میں تین بھارتی، پاکستان، انگلینڈ، سری لنکا سے دو دو جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔ ٹیم کا انتخاب ویسٹ انڈیزکے سابق کپتان کلائیو لائیڈ کی سربراہی میں بنائے گئے پینل نے کیا۔ بھارت کو ورلڈ کپ 2012 میں کامیابی دلانے والے مہندرا سنگھ دھونی کو ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا ہے ۔ انہیں مسلسل پانچویں برس آئی سی سی کی جانب سے سال کی بہترین ٹیم میں بحیثیت وکٹ کیپر بھی منتخب کیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں بھارت کے گوتم گھمبیر، ویرات کوہلی، انگلینڈ کے اسٹیون فن، الیسٹرکک، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، لاستھ ملنگا، جنوبی افریقا کے مورنے مورکل اور آسٹریلیا کے مائیکل کلارک شامل ہیں۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن بارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیے گئے ہیں۔ منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ ، بنگلہ دیش اور زمبابوے کا کوئی پلیئر شامل نہیں۔


Comments