Skip to main content
آئی سی سی سالانہ ایوارڈز کی پروقار تقریب کل ہو گی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) سالانہ ایوارڈز کی پروقار تقریب کل ہفتہ کو کولمبو میں منعقد ہو گی۔ تقریب میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مردوخواتین کھلاڑیوں میں ایوارڈز تقسیم کئے جائیں گے۔ سری لنکا کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا چار مختلف ایوارڈز کی دوڑ میں شامل ہونے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نامزدگی کمیٹی نے 30 اگست کو مختلف کیٹیگریز کے ایوارڈز کیلئے حتمی کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔ ہاشم آملہ، مائیکل کلارک، کمارسنگاکارا اور ورنن فیلنڈر کو آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ اور آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے چنا گیا تھا، آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کی فہرست میں کمار سنگاکارا، مہندرا سنگھ دھونی، ویرات کوہلی اور لاستھ مالنگا شامل ہیں۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ایوارڈ کیلئے تلکارتنے دلشان، کرس گیل، رچرڈ لیوی اور اجنتھا مینڈس کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ پیپلز چوائس ایوارڈ امیدواروں میں کمار سنگاکارا، جیمز اینڈرسن، جیک کیلس، ورنن فیلنڈر اور سچن ٹنڈولکر شامل ہیں۔ سعید اجمل کا نام ایوارڈز کی فہرست سے خارج کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا لیکن کوئی شنوائی نہیں کی گئی۔ آئی سی سی ایمپائر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے اس بار بھی پاکستان کے علیم ڈار مضبوط امید وار ہیں۔ اس کے علاوہ ایوارڈ کی تقریب میں ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز برائن لارا اور انگلینڈ کی خاتون کرکٹر ایندبلیک ویل کو باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا۔
Comments
Post a Comment