ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل ہی ٹکٹس نایاب ہوگئے

سری لنکا میں منگل سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل اکثر میچوں کے ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ خاص طور پر میزبان سری لنکا اور سابق چیمپئن بھارت کے میچوں کے ٹکٹوں کی ایڈوانس فروخت نے منتظمین کو ابھی سے کامیابی کی نوید سنادی ہے۔7/اکتوبر کو پریما داسا اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے لئے بھی ٹکٹ ایڈوانس بک چکے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کی مقبولیت اور دنیا کے مشہور ستاروں کے ایکشن میں ہونے کی وجہ سے اکثر میچوں کے ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جن لوگوں نے ایڈوانس میں ٹکٹ خریدے ہیں وہ بلیک میں فروخت کریں گے۔ امریکا، یورپ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور پاکستان سے تماشائی بڑی تعداد میں ٹکٹ خریدنا چاہتے ہیں لیکن ٹکٹ ایونٹ شروع ہونے سے قبل نایاب ہوچکے ہیں۔ منتظمین آن لائن ٹکٹ فروخت کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت پورے سری لنکا میں کرکٹ کا بخار عروج پر ہے۔ بھارت کی ٹیم فائنل میں کوالیفائی کرتی ہے تو بڑی تعداد میں بھارتی شائقین خصوصی پروازوں سے سری لنکا کا رخ کریں گے۔ سری لنکا میں ہوٹل مالکان، گیسٹ ہاؤس مالکان اور رکشہ ٹیکسی والوں کی چاندی ہوگئی ہے۔ وہ منہ مانگی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان میں بھی مختلف کمپنیاں اپنے مصنوعات کی تشہیر کے لئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچوں کے مختلف پیکج متعارف کرارہی ہیں۔ پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں شائقین کولمبو جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Comments