مداحوں کا تصادم، فٹبال میچ منسوخ

افریقہ کپ کے ایک اہم فٹبال میچ کو مداحوں کے درمیان تصادم کے سبب منسوخ کر دیا گیا ہے۔یہ میچ افریقی ممالک سینیگال اور آئیوری کوسٹ کے درمیان ڈاکار کے سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا تھا۔تشدد اس وقت پھوٹ پڑا جب آئیوری کوسٹ کے سٹرائیکر ڈیڈیئر ڈروگبا نے سینیگال کے خلاف دوسرا گول پنالٹی کے ذریعہ کیا۔ اس وقت کھیل ختم ہونے میں صرف پندرہ منٹ باقی تھے۔میزبان ٹیم کے حامیوں نے سینیگال پر آئیوری کوسٹ کی دو گول کی سبقت کے بعد سٹینڈ سے میدان میں اشیاء پھینکنا شروع کر دیا کیونکہ ناکامی کی صورت میں ان کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجاتی۔ان حالات میں آئیوری کوسٹ کے مداح اپنی جانیں بچانے کے لیے میدان میں کود پڑے۔ پولیس آئیوری کوسٹ کے مداحوں اور کھلاڑیوں کو اپنی حفاظت میں باہر لے گئی اور سینیگال کے مداحوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی گئی۔خبروں میں کہا گیا ہے کہ ان پرتشدد جھڑپوں میں سینیگال کے وزیر کھیل حاجی ملک گاکوئی سمیت دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ڈاکار میں تعلیم حاصل کرنے والے ایک امریکی طالبعلمہ کرس فلسٹیڈ نے بی بی سی سے کہا کہ ’ ہر طرف سے میدان میں ایسی چیزیں پھینکی جانے لگیں جو پھینکی جا سکتی تھیں۔ کوڑے کے ڈھیر سے آگ کے شعلے لپکنے لگے اور وہ (مداح) جھنڈے پھاڑ رہے تھے، یہاں تک کہ وہ اپنے ملک کے جھنڈے بھی پھاڑ رہے تھے اور یہ بات کافی تشویشناک تھی‘۔کرس نے کہا کہ سٹیڈیم سے باہر حالات اس سے بھی زیادہ خراب تھے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک مقامی اہل کار نے بتایا کہ ’چالیس منٹ تک میچ رکا رہا اس کے بعد میچ کو رد کردینے کا فیصلہ کیا گیا‘۔افریقی فٹبال فڈریشن نے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

Comments