جنوبی کوریا میں اتوار کو ہونے والی فارمولا ون موٹر ریسنگ کی گراں
پری ریس جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے جیت لی۔ فیٹل اب پوائنٹس ٹیبل پر
دوبارہ پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔
ریڈ بُل ٹیم کے ڈرائیور سباستیان فیٹل دو مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکے ہیں
اور اس سال اپنے اعزاز کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا میں فیٹل کی
فتح موجودہ سیزن میں ان کی مسلسل تیسری فتح ہے۔
اس طرح وہ اب نہ صرف سال رواں کی ڈرائیوروں کی عالمی چیمپئن شپ میں دوبارہ
پہلے نمبر پر آ گئے ہیں بلکہ ان کی طرف سے اس ورلڈ چیمپئن شپ کی ہیٹ ٹرک
کرنے کے امکانات بھی بہت زیادہ ہو گئے ہیں۔
جنوبی کوریا میں Yeongam کے کوریا انٹرنیشنل سرکٹ پر آج اتوار کو سباستیان
فیٹل کے بعد دوسرے نمبر پر ان کے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ریڈ بُل ٹیم
کے ساتھی ڈرائیور مارک وَیبر رہے۔
اور فیٹل دوڑ کے آغاز پر دوسرے نمبر پر تھے۔ اس طرح کل ہفتے کو اس ریس کے
کوالیفائنگ مرحلے میں بھی ریڈ بُل ٹیم کے دونوں ڈرائیور سب سے آگے تھے اور
آج اس ریس کے اختتام پر بھی۔
ساؤتھ کورین گراں پری میں تیسری پوزیشن فیراری ٹیم کے ڈرائیور فیرنانڈو
الانسو نے حاصل کی۔ وہ فیٹل کی آج کی فتح سے پہلے پوائنٹس ٹیبل پر باقی
تمام ڈرائیوروں سے آگے تھے لیکن اب سباستیان فیٹل کے چیمپئن شپ لیڈر بننے
کے بعد پیچھے چلے گئے ہیں۔
جنوبی کوریا میں جرمنی کے فیٹل کی کامیابی فارمولا ون موٹر ریسنگ میں ان
کے کیریئر کی مجموعی طور پر پچیسویں فتح ہے۔ اس سال کا فارمولا ون کا ورلڈ
چیمپئن شپ سیزن کافی حد تک پورا ہو گیا ہے اور اب صرف چار گراں پری مقابلے
باقی رہ گئے ہیں۔
Yeongam میں گراں پری کے بعد اب فیٹل کے پوائنٹس کی تعداد 215 ہو گئی ہے
اور جنوبی کورین سرکٹ پر تیسرے نمبر پر رہنے والے الانسو کے اب 209 پوائنٹس
بنتے ہیں۔
فارمولا ون کی اس سال کی عالمی چیمپئن شپ میں دو ہفتے پہلے تک یہ کہنا
کافی مشکل تھا کہ کون سا ڈرائیور نیا چیمپئن بنے گا۔ لیکن گزشتہ تین دوڑوں
میں مسلسل پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے فیٹل کے بارے میں اب کہا جانے لگا ہے
کہ شاید یہی پچیس سالہ جرمن ڈرائیور ایک بار پھر اپنے اعزاز کا دفاع کرتے
ہوئے اس سال تیسری بار بھی ورلڈ چیمپئن بن جائیں گے۔
آج کی ریس کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ ایسا موجودہ سیزن میں پہلی مرتبہ
ہوا کہ پہلی اور دوسری دونوں پوزیشنیں ریڈ بُل ٹیم کے ڈرائیوروں نے حاصل
کیں۔ چوتھی پوزیشن الانسو کے ٹیم ساتھی اور فیراری ڈرائیور ماسا نے حاصل
کی۔ برطانوی ڈرائیور لوئس ہیملٹن دسویں نمبر پر رہے۔
کوریا انٹرنیشنل سرکٹ کہلانے والا فارمولا ون ٹریک 5.615 کلو میٹر لمبا ہے
اور آج کی ریس میں شامل ڈرائیوروں میں سے ہر کسی کو اس ٹریک کے 55 راؤنڈ
مکمل کرنا تھے۔ جنوبی کوریائی گراں پری کو فارمولا ون کی عالمی چیمپئن شپ
میں 2010 میں شامل کیا گیا تھا۔
Comments
Post a Comment