’حالات بہتر ہوتے ہی سری لنکن ٹیم پاکستان جائے گی‘صدر مہندا راجا پاکسے

سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حالات بہتر ہوتے ہی سری لنکن کرکٹ ٹیم وہاں کا دورہ کرے گی۔واضح رہے کہ تین مارچ دو ہزار نو میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں ہوسکی ہے۔صدر راجا پاکسے نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی کوریج کے لیے آئے ہوئے غیرملکی صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے میں غیررسمی گفتگو کے دوران کہا کہ وہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا گرین سگنل دے چکے ہیں لیکن دورے کا انحصار پاکستان میں سکیورٹی کی اطمینان بخش صورتحال پر ہے، جیسے ہی وہاں حالات بہتر ہوئے سری لنکا کی ٹیم ضرور پاکستان جائے گی۔صدر راجا پاکسے کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو اپنے یہاں دہشت گردی ختم کرنے میں تیس سال لگ گئے اور اب ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔صدر راجا پاکسے کرکٹ کے بے حد شوقین ہیں اور گزشتہ سال ورلڈ کپ کے لیے ہمبنٹوٹا میں بننے والا سٹیڈیم اسی شوق کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھ چکے ہیں لیکن انہیں یہ میچ غیرجانبدار ہوکر دیکھنا پڑا کیونکہ ان کے ایک جانب پاکستان اور دوسری جانب بھارت کے سفیر موجود تھے۔انہوں نے ازراہ تفنن کہا کہ فائنل دیکھنے وہ ضرور سٹیڈیم جائیں گے لیکن اسوقت جب سری لنکا کی ٹیم اچھی پوزیشن میں ہوگی۔

Comments