انٹرنیشنل ورلڈ
الیون میں شامل 10 کرکٹرز دو نمائشی میچوں میں شرکت کیلئے کراچی پہنچ گئے
ہیں۔ کپتان سنتھ جے سوریا آج شام آئیں گے۔ کراچی میں جناح انٹرنیشنل
ائرپورٹ پر ساڑھے تین سال بعد پہلی مرتبہ غیر ملکی کرکٹرز کی آمد ہوئی،
پہلے جنوبی افریقا اور پھر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی باہرآئے۔ ایئرپورٹ پر اُن
کا شاندار استقبال کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ
پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے محفوظ ملک سمجھتے ہیں۔کراچی پہنچنے والے
کھلاڑیوں میں آندرے نیل، نینتی ہے ورڈ ، لوٹس بوسمین ، شبابا ، آندرے سیمور
، رکارڈو پاول ، اسٹیون ٹیلر، جرمین لاسن، جیف ملر اور ایڈم سین فورڈ شامل
ہیں۔ سندھ کے وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کھلاڑیوں کی آمد کو خوش
آئند قرار دیا۔پاکستان اسٹارز الیون اور انٹرنیشنل ورلڈ اسٹارز کے درمیان
دو ٹی ٹوئنٹی میچ ہفتہ اور اتوار کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ لاہور میں
سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند
ہوگئے تھے۔ حکومت اور کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان لانے کی سر
توڑ کوششیں کیں۔ لیکن ملک میں امن و امان کی خراب صورت حال آڑے آتی
رہی۔مایوس کن صورت حال کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمت نہیں ہاری اور
بالآخر تین سال سات ماہ پندرہ دن بعد غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان میں قدم
رکھے۔ انٹرنیشنل ورلڈ الیون کی آمد پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لئے پہلا
قدم ہے۔ شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ انہیں جلد ہی پاکستانی گراوٴنڈز پر دنیا
بھر کے کرکٹ اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔
Comments
Post a Comment