پیٹرسن کی ٹیم میں واپسی کو خوش آمدید کہا جائے گا۔سٹیورٹ براڈ

انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سٹیورٹ براڈ نے کہا کہ کیون پیٹرسن کی ٹیم میں واپسی کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی انگلینڈ کی مینیجمنٹ کیون پیٹرسن کے متعلق فیصلہ کرے گی ان کی چینجنگ روم میں واپسی کو خوش آمدید کہا جائے گا۔
براڈ کے مطابق پیٹرسن کی واپسی کا فیصلہ مینیجمنٹ کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیون پیٹرسن اور مینیجمنٹ کے درمیان ملاقاتیں جاری ہیں اور ہم ان کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بتیس سالہ کیون پیٹرسن کو گزشتہ ماہ اُس وقت ٹیم سے نکال دیا تھا جب انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم اور بالخصوص کپتان اینڈریو سٹراس کے بارے میں ’اشتعال آنگیز‘ ٹیکسٹ پیغامات بھیجے تھے۔
بتیس سالہ کیون پیٹرسن نے انگلینڈ کی جانب سے اٹھاسی ٹیسٹ میچوں میں انچاس اعشاریہ چار آٹھ کی اوسط سے اکیس سنچریوں اور ستائیس نصف سنچریوں کی بدولت سات ہزار چھہتر رنز بنا چکے ہیں۔
پیٹرسن نے ایک سو ستائیس ایک روزہ میچوں میں اکتالیس اعشاریہ آٹھ چار کی اوسط سے نو سنچریوں اور تئیس نصف سنچریوں کی مدد سے چار ہزار ایک سو چوراسی جبکہ چھتیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سینتیس اعشاریہ نو تین کی اوسط سے سات نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار ایک سو چھہتر رنز بنائے ہیں۔

Comments