• ویوین رچرڈز کو پاکستان کا بیٹنگ کوچ بنانے کی کوشش
  • پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے والے ویسٹ انڈین کے سابق عظیم بلے باز ویوین رچرڈز کی کارکردگی  سے متاثر ہو کر قومی ٹیم کیلئے ان کی خدمات حاصل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ٹورنامنٹ سے قبل ایک معمولی ٹیم تصور کی جانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے ہی میچ میں اسلام آباد کو زیر کر کے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے اور پھر لیگ راؤنڈ کے آٹھ میں سے چھ میچز جیت کر ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئی۔جہاں ایک طرف گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا وہیں ان کی اس کارکردگی کے پیچھے سابق ویسٹ انڈین بلے باز کا کردار بھی صاف نظر آیا۔ویوین رچرڈز کی ٹیم کی اس متاثر کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ ٹوئنٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے سابق ویسٹ انڈین بلے باز کی خدمات حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم سر ویوین رچرڈز سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا کردار ادا کرنے کے سلسلے میں بات چیت کر رہے ہیں۔اس سے قبل ویوین رچرڈز نے ایک انٹرویو میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس پیشکش کو رد نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ تھا کہ وقار یونس اس وقت پاکستانی ٹیم کے ساتھ بہت اچھا کام کر رہے ہیں لیکن اگر مجھے پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملا تو میں اس سے فائدہ اٹھاؤں گا۔اپنے شاندار کیریئر کے دوران ویوین رچرڈز نے 121 ٹیسٹ میچوں میں 24 سنچریوں اور 45 نصف سنچریوں کی مدد سے 50 سے زائد کی اوسط سے آٹھ ہزار 540 رنز بنائے تھے۔اپنے دور میں بھی وہ ایک روزہ کرکٹ میں دنیا کے دیگر بلے بازوں مں سب سے ممتاز تھے جہاں انہوں نے 187 میچوں میں 90.20 کے اسٹرائیک ریٹ اور 47 کی اوسط سے چھ ہزار 721 رنز بنائے تھے، سیدھے ہاتھ کے بلے باز 11 سنچریاں اور 45 نصف سنچریاں اسکور کیں اور انہیں کرکٹ کی تاریخ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

Comments