نیوزی لینڈ کو ہرا کر آسٹریلیا عالمی نمبر ایک

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کا درجہ حاصل کر لیا۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ پانچویں دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو اسے میچ میں فتح جکیلئے مزید 131 رنز درکار تھے جبکہ اس کی نو وکٹیں باقی تھیں۔جو برنز اور عثمان خواجہ نے دن کی صبح پراعتماد انداز میں اننگ کا آغاز کیا اور ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔نیوزی لینڈ کو عثمان کی صورت میں دن کی پہلی کامیابی ملی جو 46 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔برنز کا ساتھ نبھانے کپتان اسٹیون اسمتھ پہنچے تو دونوں نے 66 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں فتح یقینی بنا دی۔179 کے مئجموعے پر برنز 65 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو آسٹریلیا کو میچ میں فتح کیلئے محض 22 رنز درکار تھے۔اسمتھ اور ایڈم ووجز نے مزید کسی نقصان کے ہدف تک رسائی حاصل کر کے اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔اس میچ میں فتح کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم کی آخری سیریز کو یادگار بنانے کے ارمان خاک میں ملاتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم اب عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر فائض ہو گئی ہے۔جو برنز کو پہلی اننگ میں 170 اور دوسری اننگ میں 65 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس ٹیسٹ میچ کے ساتھ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈ میک کولم کا انٹرنیشنل کیریئر بھی اختتام پذیر ہوا جنہوں نے لگاتار 101 ٹیسٹ، 260 ایک روزہ اور 71 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی.

Comments