حکومت پاکستان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی اجازت دے دی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات اور پڑوسی ملک میں انتہا پسند جماعتوں کے رویے اور دھمکیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی حکومت سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے رائے مانگی تھی اور پاکستان کی ایونٹ میں شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط تھی۔تاہم حکومت پاکستان نے جمعرات کو پاکستان کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دے دی۔فیصلے کے مطابق پاکستان کو ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ اجازت خصوصی طور پر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کیلئے دی گئی ہے۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیم کو ہندوستان جانے کی اجازت ملنے پر ہم بہت خوش ہیں۔ ہم نے حفاظت کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی حکومت آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دیکھنے کے لیے ہندوستان جانے کے خواہاں پاکستانی شائقین کو ویزا اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔گزشتہ دنوں پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت پاکستان سیکیورٹی خدشات کے سبب ٹیم کو ہندوستان میں کھیلنے کی کلیئرنس نہیں دیتی تو ہم آئی سی سی سے پاکستان کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز کے حوالے سے معاملات طے کرنے کیلئے ہندوستان گئے تھے جہاں انہوں نے ہندوستانی کرکٹ کے سربراہ ششانک منوہر سے ملاقات کرنی تھی۔تاہم انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کے منصوبوں کو سبوتاژ کرتے ہوئے ہندوستان کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے دفتر پر دھاوا بول دیا.شیو سینا کے کارکنوں نے ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں واقع بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول دیا، جن کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان سے وطن واپسی کا مطالبہ کیا جارہا تھا.انتہا پسند تنظیم کے کارکنوں نے بی سی سی آئی کے چیئرمین ششانک منوہر کے دفتر میں داخل ہو کر پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات سے روکنے کی غرض سے ان کی میز کا گھیراؤ کر لیا.صرف یہ ہی نہیں بلکہ شیو سینا نے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کی امپائرنگ کیلئے موجود پاکستانی امپائر علیم ڈار کو امپائرنگ نہ کرنے کی دھمکی دی تھی جبکہ ہندوستان میں موجود پاکستانی فنکاروں کو بھی ملک چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
Comments
Post a Comment