شرجیل بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم
پاکستانی اوپننگ بلے باز پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے شرجیل خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کیلئے انتخاب سے انہیں اعتماد ملا ہے اور وہ ملک کے لیے مثبت کھیل پیش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بہت اچھا محسوس کررہا ہوں، ملک کیلئے کھیلنا ہمیشہ ہی سے میرا خواب رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چاہے پاکستان اے ہو یا ڈومیسٹک کرکٹ، میں جب بھی کھیلا تو میری توجہ کارکردگی دکھانے پر مرکوز رہی، میں نے جن چند کوچز کے ساتھ کام کیا، انہوں نے بھی ہمیشہ مجھے کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھنے کا مشورہ دیا۔ایک سوال کے جواب میں اوپننگ بلے باز نے کہا کہ یقیناً متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انہیں بہت مدد ملی ہے۔شرجیل خان نے کہا کہ انٹرنیشنل میچز کے علاوہ بھی میں متحدہ عرب امارات میں گزشتہ پانچ سال سے کھیل رہا ہوں۔ ان میں سے اکثر میچز انٹرنیشنل میدانوں میں ہوئے لہٰذا میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں ان کنڈیشنز سے واقف اور ان میدانوں پر کھیلنے کا عادی ہوں۔تیسرے پلے آف میں سنچری کے بعد پشاور زلمی اور پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے سراہے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آفریدی ایک عظیم کھلاڑی اور لیجنڈ ہیں، میری تمام تر اسی جانب تھی کہ پی ایس ایل میں پہلی سنچری کرنے والا شخص بن سکوں۔ اس میں اعزاز کے حصول پر خدا کا بہت شکر ادا کرتا ہوں۔
Comments
Post a Comment