- ویرات کوہلی کی محمد عامر کو مبارک باد
ایشیاکپ کے اہم میچ میں روایتی حریف ہندوستان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تاہم ہندوستان کو میچ میں مشکلات سے نکال کر جیت دلوانے والے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو شاندار کارکردگی پر مبارک باد دی۔ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ "یہ ایک آسان وکٹ نہیں تھی، میں گزشتہ میچ میں اپنی کارکردگی سے خوش نہیں تھا جہاں مجھے باؤلنگ کا سامنا کرنےمیں مشکل پیش آرہی تھی، میں نے گزشتہ میچ میں غلطیاں کیں لیکن اس دفعہ میں کامیاب ہوا"۔ویرات کوہلی نے میچ کی اختتامی تقریب میں بات کرتےہوئے کہا کہ "میں محمد عامر کو جس طرح انھوں نے باؤلنگ کی اس پر مبارک باد دوں گا، میں نے درحقیقت اسی وقت انھیں مبارک باد دی تھی جب وہ باؤلنگ کررہے تھے"۔ہندوستان کو جیت دلانے والے مایہ ناز بلے باز کا عامر کی تیز باؤلنگ کے حوالے سے کہنا تھا کہ" میں بہت خوش ہوں کہ فاسٹ باؤلنگ کا ایک حیران کن اسپیل کھیلا خدا انھیں مزید کامیابیوں سے نوازے"۔قبل ازیں ہندوستان کے تیز باؤلرز نے بھی خطرناک باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پوری پاکستانی ٹیم کو 83 کے اسکور پر آؤٹ کردیا جن میں ہرڈیک پانڈیا کامیاب ترین باؤلر تھے جنھوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر سرفراز احمد واحد کھلاڑی تھے جنھوں نے 25 رنز بنائے اور 9 بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ خرم منظور 10 رنز بنا کر دوسرے سرفہرست بلے باز تھے۔ہندوستان کی مضبوط بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے 84 رنز کا ہدف ترنوالہ سمجھا جارہا تھا لیکن محمد عامر کے ابتدائی شاندار اوورز نے مضبوط بیٹنگ کے اوسان خطا کردیے تھے اور ابتدائی تین بلے بازوں روہت شرما، اجانکیا راہانے اور سریش رائنا کو آؤٹ کرکے صرف 8 رنز پر تین وکٹیں گرادی تھیں۔
Comments
Post a Comment