• روی بوپارا نے شعیب ملک کے فیصلوں اور کپتانی پر سوالات اٹھادیے

  • کراچی کنگز کے نائب کپتان روی بوپارا نے شعیب ملک کی کپتانی اور فیصلوں پر سوال اٹھایا ہے۔انہوں نے شکست کی  ذمے داری بیٹنگ لائن پر عائد کردی ۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسری بیٹنگ کرنا چاہیے تھی،کیونکہ اوس گر رہی تھی اور بیٹنگ آسان ہوچکی تھی۔ شارجہ کے بعد پہلا ڈے میچ تھا اس لئے ہم نے اپنی بولنگ کو موقع دیا لیکن اس گرائونڈ پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست ہوتا۔ شکست کے بعد کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک، ہیڈکوچ مکی آرتھر اور کوچ مشتاق احمد نے پریس کانفرنس میں آنے سے گریز کیا۔انگلش کرکٹر نے کہا کہ میں ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر ہوں لیکن کپتان نے مجھے بولنگ تاخیر سے دی اس کی وجہ شاید یہ ہو کہ ہمارے پاس بہت سار ے بولر تھے۔ اسامہ اور شکیب اچھی بولنگ کر رہے تھے۔ پندرہ اوورز کے بعد ہوج نے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز نے خراب کرکٹ کھیلی، ہم اگلے رائونڈ میں جانے کے مستحق نہ تھے۔ روی بوپارا نے کہا کہ ہمارے پاس بیٹنگ میں بڑے نام تھے لیکن بیٹسمینوں نے ہمیں مایوس کیا۔ شعیب ملک، شکیب اور لینڈل سمنز کارکردگی نہ دکھا سکے ۔روی بو پارا نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا معیار بہت اچھا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ انڈین پر یمیئر لیگ کے بعد سب سے اچھا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کھیل کر پاکستان کرکٹ کی غیر مستقل مزاجی کا اندازہ ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ یہی ہے کہ کسی دن پاکستان کی ٹیم جلد آوٹ ہوجاتی ہے اور کبھی اپنی کارکردگی سے حیران کردیتی ہے۔ 

Comments