• بارسلونا نے 27 سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

  • ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا نے اسپینش فٹبال میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے لگاتار 34 میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔بارسلونا نے لیونل میسی کی شاندار فری کک اور جیرارڈ پی کے گول کی بدولت سیویلا کو 2-1 سے شکست دی۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی بارسلونا نے لگاتار 34 میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا ہسپانوی لیگ کا ریکارڈ برابر کردیا۔1988-89 کے سیزن میں ریال میڈرڈ نے 34 میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بنایا تھا اور اگر بارسلونا جمعرات کو رایو ویلے کانو کے خلاف میچ میں فتح اپنے نام کرتی ہے تو وہ نیا ریکارڈ بنا دے گی۔فتح کی بدولت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود بارسلونا کی ٹیم نے اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے دوسرے نمبر موجود ایٹلیٹکو میڈرڈ پر آٹھ پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے جسے تیسرے نمبر پر موجود ریال میڈرڈ پر چار پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔تاہم یہ کارکردگی بھی بارسلونا کے منیجر لوئس اینریک کو خوش کرنے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی اور انہوں نے کہا کہ وہ صرف ٹائٹل جیت کر ہی مطمئن ہو سکتے ہیں۔اہوں نے کہا کہ ریکارڈز مجھے کچھ نہیں بتاتے، اگر ہم ٹائٹل جیتتے ہیں تو ٹھیک ورنہ ریکارڈ سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ ہم سیزن کے پہلے دن سے ہی ٹائٹل کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ یہی ہمارا اصل مقصد ہے اور ہم بہتر پوزیشن میں ہیں، اب ہمیں چیمپیئن بننے کیلئے درکار ضروری پوائنٹس جیتنے کی ضرورت ہے۔

Comments