Skip to main content
- ’ہندوستان پہنچ کر آفریدی کو مشورے دوں گا‘
- پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی نے ان سے ہندوستان کے خلاف میچ سے متعلق مشورہ مانگا ہے لہٰذا وہ ہندوستان پہنچ کر انہیں گُر بتائیں گے۔پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کے لیے ہندوستان روانہ ہونے سے قبل بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہندوستان پہنچنے کے بعد ٹیم سے ملاقات کروں گا، پاک ۔ ہند میچ میں بہت دباؤ ہوتا ہے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے رہنمائی مانگی تھی اس لیے ہندوستان جارہا ہوں جہاں کھلاڑیوں کو بتاؤں گا کہ ہندوستان کے خلاف کس سوچ اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماچل پردیش میں پاکستان کو میچ بالکل نہیں کھیلنا چاہیے تھا کیونکہ ان کے وزیر اعلیٰ کا بیان مہمان نوازی کے خلاف تھا، کولکتہ میں ٹیم کو اچھی پذیرائی ملی جبکہ وہاں کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے ملاقات کی دعوت بھی دی ہے۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کل کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا۔بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں 55 رنز سے فتح حاصل کرکے ایک جانب جہاں گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں، تو دوسری جانب ہندوستان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ہارنے کے بعد دباؤ میں ہے۔
Comments
Post a Comment