• کرکٹ کی تاریخ کے دو بڑے حریف کل مدمقابل

  • کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کل کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے جہاں میزبان ہندوستان ایونٹ میں اپنی بقا کی جنگ لڑے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان ایک عرصے سے کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور اس دوران وہ صرف آئی سی سی ایونٹس کے دوران ہی مدمقابل آئے جس میں ہندوستان کو واضح برتری حاصل ہے۔لیکن ہفتے کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جب دونوں آمنے سامنے ہوں گی تو ماضی کے برخلاف میچ کے دوران پیار و محبت کی فجا ہو گی جس کا مقصد بغیر کسی تناؤ کے میچ کو پرامن انداز میں منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔اس میچ کیلئے ہندوستانی ٹیم دہرے دباؤ کا شکار ہے جہاں ابتدائی میچ میں حیران کن شکست کے بعد پاکستان کا کولکتہ میں شاندار ریکارڈ بھی میزبان ٹیم کی پریشانی کا باعث ہے جبکہ دوسری جانب سے فتح کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم اس میدان پر اپنا عمدہ ریکارڈ برقرار رکھنے کی خواہشمند ہے۔اس میچ میں شکست کی صورت میں ہندوستانی کی ایونٹ میں پیشرفت پر سوالی ہلگ جائے گا لہٰذا یہ میچ اس کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دونوں ملکوں میں جذبہ حب الوطنی میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی لیکن حال ہی میں فیس بک کی جانب سے شروع کی گئی ایک دلچسپ مہم میں دونوں ملکوں کے عوام کی جانب بہترین جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا گیا ہے جہاں وہ پڑوسی ملک کے نام اور جھنڈے کے حامل بینر اپنی فیس بک تصویر پر لگا کر ان سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں اور اس عمل سے میچ سے قبل ایک غیر روایتی خوشگوار ماحول بن گیا ہے۔ہندوستانی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت پہنچنے کے بعد پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں پاکستان سے زیادہ محبت ہندوستانی عوام سے ملی اور ان کے اس بیان کا ردعمل ہمیں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران واضح طور پر نظر آیا جہاں شائقین پاکستان کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے گرین شرٹس کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔میچ کے دن پاکستان کے بہترین کلاسیکل گلوکار ایڈن گارڈنز میں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھنے کیلئے تیار ہیں تو دوسری جانب امیتابھ بچن ہندوستانی ترانہ پڑھ کر کھلاڑیوں کے خون کو گرمائیں گے۔دونوں ملکوں کے درمیان جاری تناؤ کی وجہ سے عرصہ دراز سے کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھی۔ی جا سکی اور اس میچ کا انعقاد بھی محض آئی سی سی ایونٹ کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے پاکستان ہندوستان میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کی فراہمی سے انکار کے بعد پاکستان کی ایونٹ میں شرکت پر خدشات کے بادل چھائے ہوئے تھے۔آئی سی سی اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے سیکویرٹی خدشات کے پیش نظر میچ کو دھرم شالا سے منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو مکمل سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد پاکستان کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دے دی گئی۔ایڈن گارڈنز دنیا کے بڑے کرکٹ گراؤنڈز میں سے ایک ہے جہاں گنجائش کم کیے جانے کے باوجود اسٹیڈیم میں 66ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ ہے۔تناؤ سے بھرپور ماحول کے باوجود کولکتہ کے عوام حریف ٹیم کے کھیل کو مکمل سراہنے کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔کولکتہ میں کالج کے ایک طالبعلم سبراتا ناگ نے کہا کہ ہندوستانی عوام اپنی ٹیم کی جیت دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہار کے باوجود بھی وہ تحمل مزاجی کا مظاہرہ کریں گے۔سبراتا نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈن گارڈنز کی تاریخ ہے کہ وہ بہتر ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں۔ ہم ہندوستان کی جیت چاہتے ہیں لیکن اگر پاکستانی ٹیم اچھا کھیلے گی تو ہم اس کی حمایت کریں گے۔کولکتہ کے پولیس کمشنر نے مہمان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔عظیم پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے امید ظاہر کی میچ بہترین جوش و جذبے سے کھیلا جائے گا اور ایسا نہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں، دونوں ملکوں کے تماشائی اس سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔سابق ہندوستانی کرکٹرز ارشد ایوب نے کہا کہ پاکستان ہندوستان میچ ہمیشہ سے خاص ہوتا ہے، اس میچ میں دونوں ملکوں کے لوگوں کے جذبات ظاہر ہوتے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ ہمیں ایک بہترین میچ دیکھنے کا موقع ملے گا۔اس میچ کو ٹیلی ویژن پر دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کی جانب سے دیکھے جانے کی امید ہے اور ساتھ ہندوستانی کے زیر انتظام کشمیر کے شائقین بھی اس میچ کا انتہائی شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔سری نگر کے ایک دکاندار بشیر احمد نے کہا کہ میں جمعے کو جامع مسجد جا کر اپنی ٹیم کی ہندوستان کے خلاف جیت کیلئے دعا کروں گا اور ہفتے کو یقیناً میری دعائیں رنگ لائیں گی۔

Comments