Skip to main content
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستانی سیکیورٹی وفد ہندوستان پہنچ گیا
- ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 2 رکنی پاکستانی ٹیم واہگہ کے راستے ہندوستان پہنچ گئی۔اس سے قبل واہگہ بارڈر پر امیگریشن ذرائع نے پاکستانی سیکیورٹی ٹیم کی روانگی کی تصدیق کی تھی۔گذشتہ روز ہندوستان نے ورلڈ ٹی 20 کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 2 رکنی پاکستانی سیکیورٹی ٹیم کو ویزے جاری کیے تھے۔ویزہ حاصل کرنے والوں میں فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر عثمان انور اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سیکیورٹی آفیسر (ر) کرنل اعظم شامل ہیں۔امکان ہے کہ سیکیورٹی ٹیم میں تیسرا رکن نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن سے شامل ہو گا۔سیکیورٹی ٹیم دھرم شالا میں پولیس چیف اور وزیر اعلیٰ ہماچل پردیش سے ملاقات کرے گی اور پاک ۔ہندوستان میچ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گی۔یاد رہے کہ رواں ماہ 16 مارچ سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں 19 مارچ کو دھرم شالا میں پاکستان اور ہندوستان کے خلاف میچ شیڈول ہے تاہم میچ سے قبل ہی مختلف سطح پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دھمکیاں دیئے جانے کے ساتھ ساتھ ساتھ میچ نہ کھیلنے کا انتباہ جاری کیا گیا۔دھمکیاں دینے والی جماعتوں میں ہندوستان کی حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور سابق حکومتی جماعت کانگریس پیش پیش ہیں۔دوسری جانب ریاست ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ میں پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سیکیورٹی ٹیم وطن واپسی پر اپنی رپورٹ پی سی بی اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کو جمع کروائے گی جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہندوستان جانے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستانی ٹیم کے دورے کے موقع پر اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہوں، 1999 میں وسیم اکرم کی زیر قیادت ہندوستان جانے والی پاکستانی ٹیم کا استقبال کچھ اس انداز سے ہوا تھا کہ دورے کے مخالف شدت پسندوں نے انڈین کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کی پچ کھود دی تھی اور پاکستانی کرکٹرز کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔اسی 'روایت' کو برقرار رکھتے ہوئے ایک روز قبل ہندوستانی انتہا پسند گروپ نے کہا تھا کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ نہیں ہونے دیں گے اور اگر پاکستانی ٹیم میچ کھیلنے آئی تو وہ احتجاجاً گراؤنڈ کی پچ کو کھود دیں گے۔
Comments
Post a Comment