• ایشیا کپ میں بدترین کارکردگی پر تحقیقاتی کمیٹی قائم

  • پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کر دی ہے جو فوری طور پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔پانچ رکنی کمیٹی قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان، موجودہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم، سبحان احمد اور شکیل شیخ پر مبنی ہے۔کمیٹی ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور اس سلسلے میں کپتان، کوچ، منیجر اور دیگر کھلاڑیوں سے بات کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے گی۔یہ کمیٹی کپتان اور ٹیم میمنججمنٹ کے درمیان مبینہ اختلافات کی بھی تحقیقات کو رپورٹ کا حصہ بنائے گی۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں مایوس کن کارکردگی کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔اپنے پہلے میچ میں ہندوستان کے خلاف میچ میں بیٹنگ لائن صرف 83 رنز ہر ڈیر ہو گئی اور محمد عامر کی شاندار باؤلنگ کے باوجود پاکستان کو میچ میں پانچ وکٹ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔متحدہ عرب امارات جیسی کمزور ٹیم کے خلاف بھی پاکستانی ٹیم ایک آسان ہدف کے تعاقب میں مشکلات ےس دوچار ہو کر ابتدا میں ہی تین وکٹیں گنوا بیٹھی لیکن اس موقع پر عمر اکمل اور شعیب ملک نے ناقابل شکست شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔تاہم پے درپے ناکامیوں کے باوجود بھی پاکستانی ٹیم نے سبق نہ سیکھا اور بنگلہ دیش کے خلاف بھی بلے باز وہی غلطیاں دہرا کر وکٹیں گنواتے رہے جس کا خمیازہ پاکستان کو میچ میں شکست اور ایونٹ سے باہر ہونے کی صورت میں اٹھانا پڑا۔قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹیم کی مسلسل ناکامیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں نے اپنی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا جبکہ وقار یونس نے شکستوں کا ذمے دار بیٹنگ لائن کو قرار دیا۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بھی ٹیم کی ناکامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'قومی ٹیم کی ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی پر احتساب ضرور ہوگا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے اور بعد میں کچھ تبدیلیاں ہوں گی'۔پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں اپنا آخری میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

Comments