• وہاب اور حفیظ کی نیوزی لینڈ کیخلاف شرکت مشکوک

  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ سے قبل وہاب ریاض اور محمد حفیظ کی انجریز کے سبب پاکستانی ٹیم سنگین مسائل سے دوچار ہو گئی ہے۔محمد حفیظ کا سی ٹی اسکین کیا گیا جس سے پاؤں کی انجری کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اُن کی میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ادھر فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بھی پریکٹس سیشن کے دوران گردن پر گیند لگنے سے انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔پاکستانی ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق وہاب ریاض کی گردن پر معمولی سوجن ہے، اُن کے سی ٹی اسکین اور نیورولوجیکل ٹیسٹ کے مطابق اب تک وہ بالکل ٹھیک حالت میں ہیں اور اُن کے سر کے پاس کوئی فریکچر نہیں ہوا۔محمد حفیظ کے بارے میں ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا تھا کہ سینئر بلے باز نے کچھ دن پہلے اپنے دائیں گھٹنے میں درد کی شکایت کی تو فزیو نے اُن کا علاج کیا مگر درد کی شدت میں کمی نہیں آئی۔ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ منگل کے دن اُن کو جانچا جائے گا لیکن اس بات کا امکان زیادہ ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔محمد حفیظ کی عدم موجودگی میں خالد لطیف کو ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے جبکہ وہاب ریاض کی جگہ عماد وسیم ممکنہ طور پر فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔

Comments