Skip to main content
- آفریدی کو اپنی مثالی پرفارمنس پر فخر
- ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف مین آف دی میچ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ مثالی پرفارمنس کیلئے پر عزم تھے۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی شروع ہونے سے قبل کچھ حلقوں کی جانب سے ’غدار‘ کہلائے جانے والے آفریدی نے بدھ کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں 19 گیندوں پر جارحانہ 49 رنز بنانے کے علاوہ 27 رنز کے عوض دو اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔اپنے ایک حالیہ بیان کی وجہ سے پاکستان میں شائقین اور میڈیا کی سخت تنقید کا نشانہ بننے والے آفریدی کیلئے 55 رنز سے با آسانی میچ جیتنا خاص طور پرباعثِ اطمینان تھا ۔آفریدی نے ایونٹ شروع ہونے سے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا انہیں پاکستان سے زیادہ انڈیا سے پیار ملا ہے۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آفریدی نے کہا ’میری پرفارمنس نے ہمیشہ (ٹیم کیلئے ) اہم کردار ادا کیا۔ میں اپنے ملک کیلئے پرفارم کرنے کیلئے بہت بے تاب تھا‘۔’یہ ایک بڑا ایونٹ ہے اور بطور ایک سینئر کھلاڑی اور کپتان مجھے محسوس ہوا کہ مجھے ذمہ داری اٹھانی چاہیے‘۔جارحانہ بیٹنگ اسٹائل کی وجہ سے ’بوم بوم‘ کہلانے والے آفریدی پچھلے دو سال سے کریز پر اہم اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے، جس کی وجہ سے کچھ مبصر کے خیال میں ان کی میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کا زمانہ گر گیا۔تاہم، آج چوتھے نمبر پر کھیلنے والے آفریدی نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی میں اپنا دوسرا بڑا سکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔’مجھے اپنے بلے بازوں کو موقع دینا پسند ہے، لیکن بعض اوقات اس طرح کے ٹورنامنٹ میں آپ چاہتے ہیں کہ کپتان خود آگے بڑھ کر پرفارم کرے‘۔’مجھے مثالی انداز میں قیادت کرنے کی ضرورت تھی۔پہلے چھ اوورز اہم تھے ، جس میں محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے خوب کھیلا‘۔’کپتانی آسان کام نہیں لیکن جب ٹیم سو فیصد کارکردگی دکھائے تو مجھے اچھا لگتاہے۔لوگ مجھ سے اچھی باؤلنگ اور بیٹنگ کی توقع کرتے ہیں اور مجھے دونوں ہی پسند ہیں‘۔
Comments
Post a Comment