• پاکستان، ہندوستان کا میچ دھرم شالہ میں نہیں ہوگا

  • پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں 19 مارچ کو ہونے والا میچ اب دھرم شالہ میں نہیں ہو گا۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پاکستان کی حکومت کی جانب سے کرکٹ ٹیم بھیجنے کی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ میچ کا مقام تبدیل کیا جا رہا ہے البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اب میچ کہاں ہوگا۔واضح رہے کہ معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ریاست ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے سیکیورٹی کی عدم فراپمی کے بیان پر پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم ہندوستان بھیجنے سے روکنے کا فیصلہ کیا اور پہلے سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین کی ٹیم دھرم شالہ بھیجی۔امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو کہا گیا ہے کہ کولکتہ یا موہالی کو متبادل مقام کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔پاکستانی حکام کی جانب سے نام ظاہر کرنے کی شرط پر تفصیلات بتائی گئیں کیوں کہ وہ میڈیا سے بات کرنے کے مجاز نہیں تھے۔پاکستان کی ٹیم کو 9 مارچ کو ہندوستان روانہ ہونا تھا جہاں وہ اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کولکتہ میں کھیلے گی۔پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا کے مطابق ہندوستان میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے والے پاکستانی وفد نے دھرم شالہ میں پاکستان ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے منفی رپورٹ وزرات داخلہ کو بھجوائی ہے۔سیکورٹی وفد کی رپورٹ کے مطابق موجودہ صورت حال میں پاکستان ٹیم کا میچ کھیلنے کے لیے دھرم شالہ جانا خطرناک بھی ہوسکتا ہے، دھرم شالہ پولیس اور انتظامیہ نے سیکورٹی کی یقین دہانی تو کرائی ہے لیکن کسی گڑ بڑ کی صورت میں انتظامیہ کے پاس فوری سدباب کے لیے زیادہ سہولیات نہیں۔چیئرمین پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ کے مطابق کریں گے۔

Comments