لاہور(سپورٹس ٹائمز رپورٹ)سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دورۂ
آئر لینڈ اورانگلینڈ میں پاکستان ٹیم کے لیے کنڈیشنز آسان نہیں ہوں گی،
فواد عالم جیسے کرکٹر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کرنے کے باوجود ڈراپ کرنا
سمجھ سے باہر ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم
نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر اب نوجوان کرکٹرز
کو موقع دے کر مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کس لیے ہوتی
ہے؟ اگر اس میں رنز کرنے والے کو موقع نہیں ملے گا تو کس کو ملے گا؟وسیم
اکرم نے کہا کہ فواد عالم کو موقع نہ دینا سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا
کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کے نہ ہونے سے ٹیم کو اس دورے میں نقصان ہو گا، دو
اسپنرز اور تین اوپنرز ٹیم میں ہونے چاہیے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض
کی کارکردگی میں تسلسل نہیں اور وہ مہنگے ثابت ہوتے رہے ہیں۔سابق کپتان نے
کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو موقع دینا اچھی بات ہے، ٹیم میں فخر زمان کی
شمولیت خوش آئند ہے۔خیال رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں
کام کرنے والی 4 ارکان پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ
کے لئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے تاہم 32سالہ فواد عالم فرسٹ کلاس
کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے اور فٹنس میں خود کو بہترین ثابت کرنے کے
باوجود ٹیم میں منتخب نہیں ہوسکے۔
Comments
Post a Comment