بوگوٹا،لوگانو(اسپورٹس ٹائمز رپورٹ)کولمبیا میں کھیلے گئے کلارو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر ایناکیرولینا شیمڈلووا نے قبضہ کر لیا،انہوں نے نمبر پانچ سیڈ اسپینش حریف لارا اروا برینا کو ٹھکانے لگا دیا،سیم سنگ اوپن کی ٹرافی بلجیم کی ایلیس میرٹینز نے جیت لی جبکہ گراں پری حسن ٹو ٹینس ٹورنامنٹ اسپین کے پابلو اندوجار کے نام رہا۔کلارو اوپن کے فائنل میں سلواکیہ کی اینا کیرولینا شیمڈلووا کو نمبر پانچ سیڈاسپین کی لارا اروابرینا کیخلاف کامیابی میں کچھ زیادہ مشکل پیش نہیں آئی جب انہوں نے چھ،دو اور چھ،چارسے کامیابی کے ساتھ ٹرافی پر اپنا قبضہ جما لیا۔اس سے قبل کھیلے گئے سیمی فائنل میچوں میں نمبر پانچ سیڈ اسپین کی لارا اروابرینا نے سلووینیا کی ڈلیلا جاکوپووچ کو چھ،ایک اور چھ،دو سے ہرا دیا تھا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سلواکیہ کی اینا کیرولینا شیمڈلووا کو نمبر سات سیڈ رومانیہ کی اینا بوگڈان کیخلاف کامیابی میں کچھ زیادہ مشکل پیش نہیں آئی جب انہوں نے چھ،تین اور چھ،دو سے کامیابی کے ساتھ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ادھر سوئٹزرلینڈ کے شہر لوگانو میں جاری سیم سنگ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل نمبر دو سیڈ بلجیم کی بائیس سالہ ایلیس میرٹینز نے جیت لیا جب انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں بیلاروس کی آرینا سبالینکا کو سات،پانچ اور چھ،دو سے ٹھکانے لگا کر اپنے کیریئر کی تیسری سنگل ٹرافی پر قبضہ کرلیا۔مراکش میں کھیلے گئے گراں پری حسن ٹو کے فائنل میں اسپین کے پابلو اندوجار نے پہلی بار فائنل کھیلنے والے نمبر دو سیڈ برطانیہ کے کائیل ایڈمنڈکو محض 82منٹ میںچھ،دوکے یکساں اسکور سے مات دے کر مسلسل تیسری بار یہ ٹورنامنٹ جیت لیا جبکہ انہیں بیس سال کے دوران سب سے کمتر رینکنگ کے باوجود اے ٹی پی ٹور ٹائٹل جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا۔
Comments
Post a Comment