کیون پیٹرسن نے آئی پی ایل میں امپائرز سے متعلق اہم انکشاف کر دیا


نئی دہلی(سپورٹس ٹائمز رپورٹ)سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے چند یادگار اننگز کھیل رکھی ہیں اور پاکستانیوں کے پسندیدہ ترین غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل ہوتے ہیں۔پیٹرسن ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد اب انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کمنٹری کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جہاں انہوں نے کھلاڑیوں کے کیرئیر تباہ کرنیوالے ایک ایسے عمل کی نشاندہی کی ہے جس پر بی سی سی آئی کیساتھ ساتھ پی سی بی بھی پریشان ہو جائیگا۔پیر کو کیوین پیٹرسن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ’’کھلاڑی جب کوئی برا فیصلہ لیتے ہیں بری حرکت کرتے ہیں تو انہیں بہت سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن لگتا ہے کہ امپائرز کو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا۔بگ بیش لیگ،پاکستان سپر لیگ اور اب انڈین پریمیر لیگ میں ہونیوالی امپائرنگ کا معیار انتہائی خراب ہے! اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے! یہ لوگ کیرئیرز تباہ کر سکتے ہیں!‘‘۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں واقعی ہی ناقص امپائرنگ دیکھنے میں آئی اور دیکھنے میں محسوس ہورہا تھا کہ ملتان سلطانز کو ناقص امپائرنگ کے سب سے زیادہ نتائج بھگتنا پڑے جبکہ ملتان سلطانز کے کھلاڑی اور کوچ اس حوالے سے شکایت کرتے بھی نظر آئے۔

Comments