کینٹربری(سپورٹس ٹائمز رپورٹ)پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں شامل نوجوان بیٹسمین امام الحق کا کہنا ہے انگلینڈ میں کنڈیشنز مشکل ضرور ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ ٹیم کے کھلاڑی جلد ایڈجسٹ جائیں گے اور ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔کینٹربری میں انگلش کرکٹ کلب کینٹ کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ میں 61 رنز کی اننگز کھیلنے والے امام الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز بولرز کے لیے ساز گار ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے ٹیم یہاں کی کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہوجائے گی۔امام الحق نے کہا کہ وہ انڈر 19 ٹیم کے ساتھ پہلے بھی انگلینڈ کا دورہ کرچکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ ان کنڈیشز میں اچھا پرفارم کریں گے۔خیال رہے کہ دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں فواد عالم کو نظر انداز کرنے اور امام الحق کو منتخب کرنے پر شائقین کرکٹ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔تاہم انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹریننگ کیمپ میں دیگر کھلاڑیوں کو فواد عالم سے زیادہ بہتر پایا اور امام الحق کو منتخب کرنے کا فیصلہ دیگر سلیکٹرز کا بھی تھا۔اپنے ون ڈے ڈیبیو میں سنچری اسکور کرنے والے امام الحق کو اب اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کے لیے اچھی پرفارمنس دینی ہوگی۔
Comments
Post a Comment