نئے سوئمرز کو جدید خطوط پر تربیت دی جارہی ہے، جاوید چوہان



لاہور(سپورٹس ٹائمز رپورٹ)ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے کہا ہے کہ سوئمنگ دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں جاری سوئمنگ کا تربیتی کیمپ ایک انقلابی اقدام ہے جس سے نئے سوئمرز سیکھ رہے ہیں، جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں جاوید چوہان نے کہا کہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر سوئمرز کا تربیتی کیمپ شروع کیا گیا ہے جس میں نئے سوئمرز کوماہر کوچز جدید خطوط پرتربیت دے رہے ہیں،عالمی معیار کے سوئمنگ کمپلیکس میںتربیت سے سوئمرز کا ویژن وسیع ہوگا اور وہ خود کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کیلئے تیار کرسکیں گے،انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں نئے سوئمرز کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، پہلا گروپ ان سوئمرز پر مشتمل ہے جو بالکل نئے ہیں اور اس سے قبل کبھی پانی میںنہیں اترے، دوسرے گروپ میں وہ سوئمرز شامل ہیں جو پہلے پول میں اتر چکے ہیں اور ان کو سوئمنگ کی سوجھ بوجھ ہے جبکہ تیسرے گروپ میں وہ سوئمرز شامل ہے جو کہ پہلے سوئمنگ کرتے رہے ہیں، ان تینوں گروپس کو اسی مناسبت سے تربیت دی جارہی ہے، ہر گروپ میں 6سوئمرز شامل ہیں جن کی تربیت کیلئے ایک کوچ مقرر کیا گیا ہے، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے مزید کہا کہ یہ پہلا تربیتی کیمپ ہے جس کے بعد تربیت یافتہ سوئمرز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے الگ تربیتی کیمپ لگایا جائے گا ،سپورٹس بورڈ پنجاب کے اقدامات سے نئے سوئمرز سامنے آئیں گے اور وہ ملک کا نام روشن کریں گے۔

Comments