ممبئی(اسپورٹس ٹائمز رپورٹ)آئی پی ایل سیزن گیارہ کے 23 ویں میچ میں حیدرآباد سن رائزرز نے ممبئی انڈینز کیخلاف 31رنز سے کامیابی کی بدولت پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ ممبئی انڈینز ساتویں نمبر پر موجود ہے،کمتر اسکورنگ میچ کے دوران مرد میدان راشد خان اور سدارتھ کول کی عمدہ بالنگ نے حیدرآباد سن رائزرز کو فتح دلانے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم پر ٹاس جیت کر ممبئی انڈینز نے پہلے فیلڈ سنبھالی تو یہ فیصلہ غلط نہ تھا کیونکہ محض 46 رنز پر حیدرآباد کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔ کپتان کین ولیمسن بھی 29 رنز بنا کر چلتے بنے تو اس کے بعد یوسف پٹھان نے بھی دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 اور محمد نبی نے 14 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 118 تک پہنچایا جو آٹھ بالز قبل برخاست ہو گئی۔ مچل میک کلین گھن،ہردیک پانڈیا اور ماینک مرکنڈے نے دو،دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ ممبئی انڈینز کی جانب سے جوابی اننگز میں سوریا کمار یادیو نے اس وقت چار چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے والے ہردیک پانڈیا کے ساتھ مل کر اسکور کو 61 رنز تک پہنچایا جب محض 21 رنز پر ایون لوئس،ایشان کشن اور کپتان روہیت شرما میدان سے جا چکے تھے۔ جب سوریا کمار یادیو بھی چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر رخصت ہو گئے تو اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی حیدرآباد کے بالرز کیخلاف مزاحمت نہیں کرسکا اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سدارتھ کول نے تین جبکہ راشد خان اور باسل تھامپی نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔
Comments
Post a Comment