بھارت نے گزشتہ 2سالوں میں کتنے میچ فکس کئے؟تہلکہ خیز رپورٹ منظر عام پرآگئی


کراچی (سپورٹس ٹائمز رپورٹ)کرکٹ کے میدان میں تہلکہ مچانے والی وکٹ فکسنگ کی خفیہ ویڈیو میں فکسرز کی جانب سے گزشتہ دو سال میں بھارت کے تین ٹیسٹ میچ فکسڈ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔الجزیرہ کی کرکٹ کرپشن پر ڈاکومینٹری نے مزید رازوں سے پردہ اٹھا دیا ہے اور رپورٹ کے ایک حصے میں بھارت کے گزشتہ 2 سال میں 3 ٹیسٹ فکسڈ ہونے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ میں ہی پاکستانی کرکٹر حسن رضا کی میچ فکسنگ کا تہلکہ خیز انکشاف بھی کیا گیا ہے۔خفیہ وڈیو میں فکسرز نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چنئی ٹیسٹ میں کرپشن ہوئی جب کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان رانچی ٹیسٹ بھی فکسڈ تھا۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ گال میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ میں بھی گڑبڑ ہوئی تھی۔یاد رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چنئی ٹیسٹ 16 دسمبر 2016 کو کھیلا گیا تھا اور اس میچ میں بھارت نے ایک اننگز اور 75 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان رانچی ٹیسٹ 16 مارچ 2017 کو کھیلا گیا لیکن یہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا جب کہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ 26 جولائی 2017 میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے 304 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔رپوٹ کے مطابق کرپشن میں 2 آسٹریلوی کرکٹر اور 3 انگلش افراد بھی شامل ہیں۔دوسری جانب سی ای او کرکٹ آسٹریلیا جیمز سدر لینڈ کا کہنا ہے کہ الجزیرہ کی وکٹ فکسنگ کے واقعے سے آگاہ ہیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز منظر عام پر آنے والی اس ویڈیو میں گراؤنڈ اسٹاف کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان نومبر میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے لیے وکٹ فکسنگ کی یقین دہانی کراتے دکھایا گیا تھا۔ویڈیو میں وکٹ فکسر تھرانگا اندیکا نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کی وکٹ بھی’فکس‘ کرنے کا اعتراف کیا۔

Comments