دوسرا سائیڈ میچ،نارتھمپٹن شائر 259 پر آئوٹ،شاداب کی 6وکٹیں

 
نارتھمپٹن(سپورٹس ٹائمز رپورٹ)نارتھمپٹن شائر کیخلاف دورے کے دوسرے سائیڈ میچ میں بھی پاکستان نے میزبان ٹیم کو 259 رنز پر محدود کردیا،شاداب خان نے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،جواب میں پاکستان نے کسی نقصان کے بغیر چھ رنز بنائے تھے تو خراب روشنی کے سبب کھیل ختم کرنا پڑا۔ نارتھمپٹن کے کاؤنٹی گراؤنڈ پر ٹاس جیت کر نارتھمپٹن شائر نے پہلے بیٹنگ شروع کی تو محمد عامر،محمد عباس،راحت علی اور فہیم اشرف پر مشتمل چار رکنی پیس اٹیک متاثر کن کھیل پیش نہ کرسکا اور راحت علی نے 26 رنز بنانے والے بین ڈوکیٹ کو ایل بی ڈبلیو کر کے پہلی کامیابی حاصل کی تو اس کے بعد شاداب خان کو ہی حریف بیٹسمینوں سے نبرد آزما ہونا پڑا۔ کپتان راب نیوٹن نے چار چوکوں سمیت 35 اور رچرڈ لیوی نے 31 رنز کا اضافہ کیا لیکن ایڈم روسنگٹن نے ایک جانب سے کریز سنبھالے رکھی اور جب راحت علی نے دس رنز بنانے والے اسٹیون کروک کو دوسرا شکار بنایا تو ہوم ٹیم 168 رنز پر سات وکٹیں کھو بیٹھی تھی لیکن حیران کن طور پر آخری تین کھلاڑی اسکور میں 91 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ وکٹ کیپر ایڈم روسنگٹن نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں سمیت 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور 30 رنز اسکور کرنے والے ریکارڈو ویسکونسیلوس کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی رفاقت میں 80 رنز کا اضافہ کر کے اپنی ٹیم کو کمتر اسکور پر ڈھیر ہونے سے بچالیا جو آخر کار259 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر شاداب خان نے چھ اور راحت علی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ حارث سہیل کو ملی۔ جوابی اننگز میں پاکستان نے پانچویں اوور میں کسی نقصان کے بغیر چھ رنز بنائے تھے کہ خراب روشنی کے سبب کم و بیش نو اوورز پہلے کھیل ختم کرنا پڑا،امام الحق تین اوراظہر علی بھی تین رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

Comments