قومی نیٹ بال چیمپئن شپ،مردوں میں واپڈا،خواتین میں سندھ چیمپئن

 
اسلام آباد ( سپورٹس ٹائمز رپورٹ ):  قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ میں خواتین کے ایونٹ میں سندھ اور مردوں کے ایونٹ میں  پاکستان واپڈا  نے چیمپیئن ہونے کاعزاز حاصل کرلیا جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دونوں ایونٹس میں  تیسری پوزیشن حاصل کی، چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیاتی شعیب احمد صدیقی تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں،میڈلز اور اسناد  تقسیم کیں، اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں،نائب صدر ملک ثمین،سیکرٹری جنرل محمد ریاض، واپڈا سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری جنرل محمد رزاق گل، ائیرفورس سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر گروپ کیپٹن عامر نواز، اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کرنل (ر) غلام مرتضی، پاکستان سپورٹس بورڈ کے سوئمنگ پول انچارج سعید اختر  کے علاوہ کھلاڑیوں اور  شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،  پاکستان سپورٹس بورڈ کے حمیدی ہال میں خواتین کا فائنل میچ پاکستان واپڈا اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں  سندھ نے پاکستان واپڈا کوایک سخت مقابلے کے بعد 24-22 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا،
 
 
    مردوں کا فائنل میچ پاکستان واپڈا اور پاکستان ائیرفورس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان واپڈا نے پاکستان ائیرفورس کو ایک سخت مقابلے کے بعد 29-26 گول سے  شکست دے کر چیمپیئن ہونے کاعزاز حاصل کیا۔  فائنل سے قبل خواتین ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پنجاب کو 28-12 گول سے شکست دی، مردوں کی تیسری پوزیشن کے میچ میں بھی  ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان پولیس کو ایک سخت مقابلے کے بعد 28-27 گول سے شکست دی، خواتین کے ایونٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے میں سندھ، ایلیٹ پی این ایف، آزاد جموں و کشمیر، گروپ بی میں پاکستان واپڈا اور خیبر پختو نخوا، گروپ سی میں پنجاب اور اسلام آباد، گروپ ڈی میں بلوچستان، گلگت بلتستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں شامل ہیں مردوں کے ایونٹ میں گیارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا گروپ اے میں پاکستان واپڈا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان، گروپ بی میں پاکستان ائیرفورس، بلوچستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن، گروپ سی میں سندھ اور فاٹا جبکہ گروپ ڈی میں  پنجاب، خیبرپخونخوا اور پاکستان پولیس شامل ہیں، بین الصوبائی چیمپیئن شپ آج منگل کو کھیلی جائے گی جس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

Comments