عبدالرزاق کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی،پی ٹی وی کے کپتان مقرر


اسلام آباد(سپورٹس ٹائمز رپورٹ)سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق نے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈومیسٹک سیزن میں پاکستان ٹیلی ویژن کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔عبدالرزاق نے 2014 میں آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا اور زرعی ترقیاتی بینک لمیٹیڈ کی ٹیم کی گریڈ2 میں تنزلی کے بعد انہوں نے مزید فرسٹ کلاس کرکٹ نہ کھیلی، تاہم اب ان کی دوبارہ گریڈ 1 میں واپسی ہو رہی ہے۔38سالہ عبدالرزاق کو پی ٹی وی کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے پاکستان سپر لیگ کا اگلا ایڈیشن کھیلنے کے لیے پرامید ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس سیزن میں پی ٹی وی کی قیادت کروں گا، اس وقت بالکل فٹ ہوں اور میری فارم بھی بہت اچھی ہے، امید ہے کہ اچھی کارکردگی کے ذریعے آئندہ سال پی ایس ایل کے لیے منتخب ہو سکوں گا۔عبدالرزاق رواں سال ہونے والی پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ تھے تاہم اب وہ کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔مایہ ناز آل راؤنڈر نے واضح کیا کہ ان کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ قومی ٹیم میں نوجوان کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں لیکن وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی کے نقوش چھوڑنا چاہتے ہیں۔

Comments