لارڈز ٹیسٹ،،بٹلر اور ڈومینک پاکستان کی جیت کی راہ میں حائل


لندن (سپورٹس ٹائمز رپورٹ)لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان تاریخی فتح کی جانب پیش قدمی کررہا ہے تاہم جوس بٹلر اور ڈومینک بیس نے انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچالیا۔جوس بٹلر اور ڈومینک بیس نے ساتویں وکٹ پر 125 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نے 6 وکٹوں پر 235 رنز بنالیے اور اسے  56 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے تاہم پاکستان کے پاس اب بھی فتح کا موقع موجود ہے۔دوسری اننگز میں 110 پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے تھے تاہم جوس بٹلر اور ڈومینک بیس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جوس بٹلر 66 اور ڈومینک بیس 55 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔پاکستانی بولرز نے دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ کو مشکل میں ڈالے رکھا، فاسٹ بولر محمد عامر، محمد عباس اور اسپنر شاداب خان نے انگلش بیٹسمینوں کو زیادہ دیر کریز پر رکنے نہیں دیا۔انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز الیسٹر کک اور اسٹونمین نے کیا لیکن صرف ایک رن پر ہی محمد عباس نے الیسٹر کک کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔شاداب خان نے 31 کے مجموعے پر اسٹونمین کو بولڈ کر دیا، انہوں نے 9 رنز بنائے۔اس کے بعد مالان 12 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بن گئے جبکہ جونی بیئراسٹو بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین اسٹوکس تھے جو 9 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بن گئے۔اس کے بعد جو روٹ 68 رنز بناکر محمد عباس کا شکار بن گئے۔اس سے قبل پاکستان نے تیسرے دن کا آغاز 350 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن صرف 13 رنز کے اضافے کے بعد ٹیم 363 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور اسے 179 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے بابر اعظم انجری کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہ آسکے وہ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔گزشتہ روز ان فارم بیٹسمین بابر اعظم کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے باوجود شاداب خان اور فہیم اشرف نے ٹیم کو سہارا دیا اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔پاکستان کی جانب سے اظہر علی 50، اسد شفیق 59 اور شاداب خان 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 68 رنز پر کھیل رہے تھے جب گیند ان کے بازو پر لگی اور وہ فریکچر کے باعث نہ صرف میچ سے باہر ہوئے بلکہ سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں ۔انگلش ٹیم پہلی اننگز میں اپنے کم ترین اسکور 184 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔

Comments